ایران

امریکہ سے مذاکرات ممکن نہيں

Ayatollah-Ahmad-Khatamiتہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا ہے کہ جب تک امریکہ کی سامراجی خو باقی ہے تب تک تہران کے ساتھ مذاکرات کی واشنگٹن کی آرزو کبھی پوری نہیں ہوگی۔
آج تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی کی امامت میں ادا کی گئي۔ آیت اللہ احمد خاتمی نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوۓ قم کے عوام کی جانب سے رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا بے مثال استقبال کۓ جانے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اس استقبال  سے ایک بار پھر ثابت ہوگيا ہے کہ اس شہر کے لوگ ولایت پر اٹل ایمان رکھتے ہیں۔ سید احمد خاتمی نے رہبرانقلاب اسلامی کے دورۂ قم کو بہت زیادہ اہمیت کا حامل بتایا اور کہا کہ اس میں شک نہیں کہ رہبر انقلاب اسلامی کا یہ دورہ ایک مبارک ترین دورہ ہے ۔خطیب نماز جمعہ تہران نے مزید کہا کہ گزشتہ سترہ مہینوں اور ایران میں فتنہ و فساد کے آغاز سے عالمی سامراج نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ لوگ مراجع تقلید اور حوزہ ہاے علمیہ سے دور ہوچکے ہیں لیکن رہبر انقلاب اسلامی کے دورۂ قم کے بعد عالمی سامراج اپنے موقف سے پسپائي اختیار کرنے پر مجبور ہوگیا۔
واضح رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای منگل کے دن انیس اکتوبر کو مقدس شہر قم میں داخل ہوۓ تھے جہاں قم المقدسہ کے لوگوں نے ان کا پرتپاک اور تاریخی استقبال کیا ۔دس دن قم المقدسہ میں گزارنے کے بعد آپ واپس تہران تشریف لے آۓ۔
سید احمد خاتمی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں سامراج سے مقابلے کے عالمی دن تیرہ آبان مطابق چار نومبر کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ کہا کہ جب تک امریکہ کی سامراجی خو باقی ہے تب تک تہران کے ساتھ مذاکرات کی واشنگٹن کی آرزو کبھی پوری نہیں ہوگی۔آیت اللہ سید احمد خاتمی نے عراق کی صورتحال کو المناک قرار دیا اور کہا کہ کوئي آزاد انسان بھی اس صورتحال کو برداشت نہیں کرسکتا ۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے عراق کی خود مختاری کے مخالفین کو ، کہ جو اپنے مفادات کے حصول کے لۓ عراق میں بدامنی چاہتے ہیں ، خبردار کرتے ہوۓ کہا کہ ایسے افراد کو جان لینا چاہۓ کہ آگ اور دہشتگردی کے شعلے ایک دن ان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button