

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ احمد جنتی نے صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ کے خلاف ڈٹ جانے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کے دورۂ لبنان کا پیغام قرار دیا ہے۔
آیت اللہ احمد جنتی نے آج تہران میں لاکھوں نمازیوں سے خطاب کے دوران لبنانی عوام کی جانب سے ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کا شاندار استقبال کۓ جانے کی جانب اشارہ کیا اور شیعہ ، سنی ، مسیحی اور دروزی سمیت لبنانی
عوام کے اتحاد کو اس دورے کی ایک برکت قرار دیا اور کہا کہ لبنانی عوام کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت میں لگاۓ جانے والے نعرے صیہونی حکومت اور امریکہ کے منہ پر زبردست طمانچہ تھے۔ آیت اللہ جنتی نے امریکی حکام کے عراق ، افغانستان اور لبنان کے خفیہ دوروں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ اریران کے صدر کے دورے کو یا خصوصیت حاصل رہی ہےکہ وہ اپنے دورۂ لبنان کے موقع پر ہمیشہ عوام کے درمیان رہے ۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی استقامت اور ہوشیاری کو سراہا ۔ آیت اللہ جنتی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران وہ واحد ملک ہے جس نے فلسطین کی بے دریغ حمایت کی ہے۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے آئندہ ہفتے انجام پانے والے رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ کے دورۂ قم المقدسہ کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ کہا کہ آپ اس بات کی تاکید فرماتےہیں کہ مختلف شعبوں میں حوزہ ہاے علمیہ کی بہت زیادہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہۓ۔