مضبوط ریاست کے سامنے کمزور ریاست والی حکمت عملی نہیں چلتی، علامہ جواد نقوی
شیعیت نیوز : تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے مضبوط ریاست کے سامنے کمزور ریاست والی سیاسی حکمت عملی اپنائی ہے، جو اب نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ ماضی میں کمزور اور مشکلات میں گھری حکومتوں سے مراعات لیتے رہے، لیکن اب ریاست خود کو مضبوط سمجھتی ہے اور وہ حساب کتاب بدل چکا ہے۔ چھبیسویں آئینی ترمیم کے وقت حکومت کو ان کی حمایت کی ضرورت تھی اور ان کے کئی مطالبات مانے گئے، لیکن اس کے بعد ریاست کی مجبوریاں ختم ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس اور اسد قیصر کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ نفرت کے بیانیے اور ریاست سے ٹکراؤ کے ذریعے مقبولیت کی سیاست ایک غلط حساب ہے، تحریک لبیک اور تحریک انصاف کے حالیہ تجربات اس کی گواہی دیتے ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو کشیدگی بڑھانے کے بجائے حکمت، لچک اور تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا۔







