پیروانِ ولایت و امامت باطل کے مقابلے میں آہنی دیوار ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آلِ نبی ﷺ نے ہر دور میں اسلام کی بقا، سربلندی اور حق و صداقت کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ عصرِ حاضر میں نظامِ ولایت و امامت کے پیروکار باطل قوتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ ضلع سکھر کی تحصیل پنوعاقل کے گاؤں دولت خان ڈومکی میں منعقدہ سالانہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمۃ الزہراؑ نے نظامِ ولایت کا بھرپور دفاع کیا اور حق و صداقت کی سربلندی کے لیے عظیم کردار ادا کیا، آپؑ کی ذاتِ گرامی معیارِ حق و صداقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدۂ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی صداقت کی گواہی قرآنِ کریم نے دی ہے اور آپؑ صدیقۂ کبریٰ کے بلند مقام پر فائز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن عظیم ہستیوں کی صداقت اور طہارت کی گواہی خود اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم کی آیات کے ذریعے دی ہو، ان سے اپنی صداقت ثابت کرنے کے لیے کسی گواہ کا مطالبہ نہیں کیا جاتا، کیونکہ اللہ تعالیٰ اور قرآن کی گواہی اہلِ حق کے لیے سب سے بڑی دلیل اور حجت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومتیں مہنگائی روکنے اور کراچی کے شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکیں، حافظ کاظم عباس
علاقائی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یمن کے عوام کی مزاحمت نے ثابت کر دیا ہے کہ جارحیت اور ظلم کے ذریعے کسی قوم کے عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی، جبکہ یمن میں سعودی جارحیت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
سالانہ مجلسِ عزاء سے سرزمینِ وادیِ سندھ کے معروف خطیب علامہ سائیں بخش مناظری اور مولانا سید نثار حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ مجلسِ عزاء کے بعد علامہ مقصود علی ڈومکی نے علامہ سائیں بخش مناظری سے خصوصی ملاقات کی، جس میں موجودہ ملکی اور علاقائی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔







