دشمن معاشی جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا، ایرانی صدر
ایرانی صدر
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل، عوام کی بھرپور حمایت اور حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت ایران نے دشمن کو معاشی جنگ کے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے موجودہ خصوصی اور حساس حالات کا مقابلہ کرنے اور ان کے بہتر انتظام کے لیے نئی حکمت عملی اختیار کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خطے میں امریکی موجودگی نے صرف دہشت گردی کو فروغ دیا، ایرانی وزارت خارجہ
صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران دشمن کی اصل سازش اور منصوبہ ایران کی اہم اور حیاتی معاشی شریانوں کو منقطع کرنا تھا، تاکہ ایرانی عوام پر زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھایا جا سکے۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اگرچہ اس دوران معاشی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اللہ کے فضل، عوام کی ثابت قدمی اور حکومت میں ان کے ساتھیوں کے مؤثر اقدامات کی بدولت دشمن کو معاشی جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ہرگز کامیابی نہیں ملی اور اس کی تمام سازشیں خاک میں مل گئیں۔







