سکردو: شہیدِ مقاومت سید حسن نصر الله کی دوسری برسی پر تعزیتی ریفرنس
جامعۃ النجف سکردو
شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ جامعۃ النجف سکردو میں سید الشہداءِ مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ کی دوسری برسی کی مناسبت سے ایک خصوصی محفل تکریم و تجلیل کا پروقار انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلاب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ سجاد حسین مفتی نے سورۂ احزاب کی آیتِ کریمہ (مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ…) کو اپنے خطاب کا محور قرار دیا۔
علامہ شیخ سجاد حسین مفتی نے آیت کا مفہوم بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ حصہ اس استقامت کی تصویر پیش کرتا ہے جس کا سامنا مسلمانوں کو غزوۂ احزاب میں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آیت ان اہلِ ایمان کا تذکرہ کرتی ہے جنہوں نے اللہ سے کیے گئے عہد کو محض زبان سے نہیں بلکہ اپنے عمل، استقامت اور عظیم قربانی سے سچا کر دکھایا۔ آزمائش کے وقت سچے مؤمنین کے ایمان میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور وہ حالات کی سختی کے باوجود اپنے اصول تبدیل نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان یمن تنازع میں فریق بننے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرے، علامہ حسنین عباس گردیزی
شہیدِ مقاومت سید حسن نصر اللہ کی عظیم الشان زندگی اور لازوال جدوجہد کو اسی قرآنی معیارِ استقامت کے تناظر میں بیان کرتے ہوئے علامہ سجاد مفتی نے کہا کہ عصرِ حاضر میں غاصب اسرائیل کے مقابلے میں مزاحمت کے محاذ پر سید حسن نصر اللہ کا نام سب سے نمایاں ہے۔ انہوں نے شہید سید عباس موسوی کے بعد حزب اللہ کی قیادت سنبھالی اور اپنی پوری زندگی مقاومت اور الٰہی عہد کی پاسداری میں گزار دی۔ ان کی زندگی اس بات کی عملی تعبیر تھی کہ طاغوت اور خدا کی اطاعت ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکتیں اور مقاومت کا راستہ صرف دو ہی صورتوں یعنی فتح یا شہادت کی صورت میں کامیابی تک پہنچتا ہے۔
واضح رہے کہ مجلس تکریم و تجلیل سے قبل شہید مقاومت کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر رہبر شہید امام امت خامنہ ای رضوان اللہ علیہ، شہید مقاومت سید حسن نصراللہ اور شہدائے راہ اسلام کے درجات کی بلندی، موجودہ رہبر معظم کی صحت و سلامتی، عالمی استکبار امریکہ و غاصب اسرائیل کی نابودی، عالم اسلام کی فتح و ظفر اور مملکت خداداد پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔







