ایم ڈبلیو ایم اصفہان کے تحت ہفتہ دفاع مقدس پر ‘نشست بصیرتی’، جہادِ تبیین وقت کی اہم ضرورت، شیخ بشیر دولتی
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ اصفہان کے زیرِ اہتمام ہفتۂ دفاع مقدس کی مناسبت سے ایک پروقار پروگرام بعنوانِ ‘نشست بصیرتی’ منعقد ہوا۔ نشست کا باقاعدہ آغاز قاری طالب حسین نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد برادر محترم مولانا سید اسرار عباس نقوی نے مہمان خطیب حجت الاسلام مولانا شیخ بشیر دولتی کو اصفہان آمد پر خوش آمدید کہا۔
نشستِ بصیرتی سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام شیخ بشیر دولتی نے کہا کہ ہفتۂ دفاع مقدس کے ایام نے ایران کی بہادر قوم اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کو دشمن کے مقابلے میں ڈٹ جانے اور قیام کا بے مثال درس دیا ہے۔ تنظیمی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیمیں انسان کی فکری تربیت اور اسے عملی طور پر متحرک کرنے کا بہترین وسیلہ ہیں، لہٰذا ہمیں اپنی بساط کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید نصراللہ کا پاکیزہ خون حزب اللہ کی سربلندی کا سرچشمہ ہے، سپاہ پاسداران
انہوں نے جہادِ تبیین کو موجودہ حالات کی اہم ترین ذمہ داری قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ آج جب عالمِ تشیع اور بالخصوص محاذِ مقاومت کے خلاف عالمی سطح پر جھوٹ، فریب اور زہر آلود پروپیگنڈہ عروج پر ہے، تو ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم جہادِ تبیین کے ذریعے حقائق کو عوام الناس تک پہنچائیں تاکہ وہ فکری بے راہ روی اور دشمن کے دھوکے سے محفوظ رہیں۔ اس پروقار نشست میں طلاب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔







