جامعۃ المصطفیٰ کراچی اور مسجد و امام بارگاہ شریکۃ الحسین کے تعاون سے دو روزہ قرآنی و ادعیہ نمائش کا انعقاد
شیعیت نیوز : جامعۃ المصطفیٰ کراچی کے زیرِ اہتمام قرآنی نسخوں اور فن پاروں کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد عوام و خواص کی قرآن کریم سے وابستگی کو فروغ دینا اور فن و تخلیق کے ذریعے قرآنی پیغام کو اجاگر کرنا تھا۔ نمائش میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور اہلِ علاقہ نے بھرپور شرکت کی اور پیش کیے گئے منفرد قرآنی فن پاروں کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر جامعۃ المصطفیٰ کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک خصوصی علمی و تربیتی نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں قرآنی فنون کی اہمیت اور دینی پیغام کی ترویج میں فنی و تخلیقی ذرائع کے مؤثر استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ طلبہ کو قرآنی فنون کے بعض عملی پہلوؤں سے بھی روشناس کرایا گیا۔
مزید پڑھیں : عراقی اہل بیتؑ یونیورسٹی کے وفد کی متولی مسجد جمکران سے ملاقات، علمی و ثقافتی تعاون پر اتفاق
نشست کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ قرآن کریم کی آیات اور ادعیۂ مبارکہ کو مختلف علمی، فنی اور تعلیمی ذرائع سے معاشرے تک پہنچانا ایک اہم دینی و ثقافتی خدمت ہے۔ نمائش میں شریک عوام اور اہلِ علاقہ نے قرآنی نسخوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور قرآن کے متن کو منفرد فنی اسلوب میں پیش کرنے کی اس کاوش کو بھرپور سراہا۔







