شیعہ علماء کونسل کی جانب سے پھیالونگ واٹر پروجیکٹ کیلئے 25 لاکھ روپے کا عطیہ
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے گلگت بلتستان کے عوام کی محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پھیالونگ واٹر ڈائیورژن منصوبے کی کامیابی کو آغا سید باقر الحسینی اور اہلِ بلتستان کی اجتماعی کاوشوں کا ثمر قرار دیا ہے۔ تقریب کے دوران قائد ملت جعفریہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے اس عظیم فلاحی منصوبے کے لیے 25 لاکھ روپے کا عطیہ بھی پیش کیا گیا۔
اس پروقار تقریب میں زہراء اکیڈمی کے محترم سہیل رضا صالحی، علامہ شیخ مرزا علی اور صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان علامہ آغا سید باقر الحسینی سمیت علمائے کرام اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر شبیر میثمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلتستان کے خوددار نوجوان کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے بجائے اپنی محنت سے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ اس موقع پر یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے شہدائے وطن کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
مزید پڑھیں : انتظامیہ کا امتیازی سلوک ناقابل قبول ہے، علامہ رمضان توقیر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ آغا سید باقر الحسینی نے منصوبے کی مسلسل سرپرستی پر قائد ملت جعفریہ کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ یہ پروجیکٹ صرف پانی کی فراہمی نہیں بلکہ تمام مسالک کے درمیان اتحاد بین المسلمین کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وطن عزیز کے دفاع کے لیے ضرورت پڑی تو ہم اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور ملک و ملت کی خدمت کرنے والوں کے لیے خصوصی دعا کی۔







