نوجوان نسل کی فکری و علمی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے، مولانا علی مرتضیٰ زیدی

07 ستمبر, 2026 16:34

شیعیت نیوز : الزہراء کالج سکردو بلتستان کے مین کیمپس میں "نوجوان نسل کی فکری اور علمی تشکیل” کے موضوع پر منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا سید علی مرتضٰی زیدی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی تشکیل محض معلومات کے حصول کا نام نہیں، بلکہ یہ انسان کی فکری، روحانی اور اخلاقی تعمیر کا ایک ہمہ گیر عمل ہے۔

تقریب میں اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مولانا زیدی نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قوم کا مستقبل نوجوانوں کے افکار اور اقدار سے جنم لیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علم کو انسان میں سوال کرنے کا حوصلہ، حقیقت کی جستجو اور معاشرتی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنا چاہیے، کیونکہ آج کا سب سے بڑا مسئلہ علم کی کمی نہیں بلکہ فکر کی پراکندگی اور شعور کی سمت کا فقدان ہے۔

مزید پڑھیں : دنیا کو طاقت اور مصلحتوں سے بالاتر انصاف کی ضرورت ہے، محسنی اژہ ای

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے علمی سفر کو محض ڈگری کے حصول یا معاشی ضرورت تک محدود نہ رکھیں، بلکہ علم کو اپنی شخصیت کی تعمیر اور معاشرے کی فکری اصلاح کا ذریعہ بنائیں۔ مولانا زیدی نے مزید کہا کہ مطالعہ، تفکر، مکالمہ اور خود احتسابی کے مسلسل عمل سے ہی ایک متوازن شخصیت وجود میں آتی ہے، جس کا ذہن علم سے روشن، فکر حقیقت سے وابستہ اور دل اخلاقی اقدار سے زندہ ہو۔

5:21 شام ستمبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔