امت مسلمہ کو درپیش مشکلات کا مقابلہ اتحاد اور بصیرت سے ممکن ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبۂ تبلیغات ‘مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان’ کے زیرِ اہتمام میلادِ باسعادت پیغمبر اکرم (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کی مناسبت سے الباقر مرکز اسلام آباد میں ’’اتحادِ امت اور تعلیماتِ صادقین‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، مبلغین اور نمایاں دینی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش مشکلات کا مقابلہ صرف اتحاد اور بصیرت کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیرتِ پیغمبر اکرم اور تعلیماتِ صادقین (ع) میں ہمارے لیے روشن نمونے موجود ہیں، جو ہمیں یہ درس دیتے ہیں کہ مسلمان اپنے علمی و فقہی اختلافات کے باوجود قرآن، رسولِ خدا اور مشترکہ اسلامی اقدار کی بنیاد پر ہمیشہ متحد رہ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : امریکی بالادستی کا دور ختم ہو رہا ہے، اہلِ تشیع اپنا اجتماعی کردار ادا کریں، مولانا علی مرتضیٰ زیدی
تقریب میں موجودہ دور کے فکری و تہذیبی چیلنجز کے تناظر میں علماء و مبلغین کی ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور معاشرتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ صادقین (ع) سے رہنمائی لینے پر زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ ادارہ الباقر، بانی و سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی قیادت میں تبلیغ، تعلیم، تحقیق اور رفاہی امور میں سرگرمِ عمل ایک فعال علمی و سماجی ادارہ ہے۔







