امریکی بالادستی کا دور ختم ہو رہا ہے، اہلِ تشیع اپنا اجتماعی کردار ادا کریں، مولانا علی مرتضیٰ زیدی
مولانا علی مرتضیٰ زیدی
شیعیت نیوز : آئی ایس او پاکستان ضلع سکردو کے زیرِ اہتمام جامعۃ النجف میں منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی مرتضیٰ زیدی نے زور دیا ہے کہ امریکی بالادستی کا دور اختتام پذیر ہے اور اہلِ تشیع کو بدلتے عالمی حالات میں اپنا منظم سیاسی و سماجی کردار ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق، نشست میں شہید رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے اہداف اور ایرانِ اسلامی کی استقامت پر روشنی ڈالی گئی۔ مولانا علی مرتضیٰ زیدی نے کہا کہ شہید رہبر کا مقصد ایک باایمان اور خوددار امت کی تشکیل تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے طویل پابندیوں کے باوجود اپنی صلاحیتوں کو بڑھا کر ثابت کیا ہے کہ خود اعتمادی سے عالمی دباؤ کا مقابلہ ممکن ہے۔
مزید پڑھیں : علامہ مرید نقوی اور علامہ حسن نقوی کا جامعہ امام حسن عسکری (ع) کا دورہ
انہوں نے پاکستانی اہلِ تشیع پر زور دیا کہ وہ محض تماشائی بننے کے بجائے اپنی اجتماعی قوت اور علمی استعداد کو منظم کریں۔ مولانا زیدی نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وسائل کو فضول خرچی میں ضائع کرنے کے بجائے تعلیمی و تحقیقی ادارے قائم کیے جائیں اور نظامِ ولایتِ فقیہ سے وابستگی کو مزید مضبوط کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ دور ایک اہم تاریخی موقع ہے، جس میں ملک بھر کے شیعہ مسلمانوں کو اپنی مشترکہ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ادارہ سازی اور اجتماعی وحدت کو فروغ دینا ہوگا۔ قبل ازیں، جامعۃ النجف سکردو آمد پر علمائے کرام نے مولانا سید علی مرتضیٰ زیدی کا شاندار استقبال کیا۔







