ایران کی شرائط پوری ہونے پر ہی آبنائے ہرمز کھلے گا؛ ایرانی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کی قطری وزیراعظم سے اہم ملاقات
شیعیت نیوز : ایران کی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری جنرل محسن رضائی نے تہران میں قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں قطر کی بھرپور مدد کی ہے۔
محسن رضائی نے امریکہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو واشنگٹن پر رتی برابر اعتماد نہیں ہے، کیونکہ اس نے سفارت کاری اور مذاکرات کی آڑ میں ہمیشہ غداری کی ہے۔ انہوں نے امریکہ کو سخت انتباہ دیا کہ اگر اس نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی شرارت کی، تو اس کے فوجی اور اقتصادی مفادات کو ایسا تاریخی نقصان پہنچایا جائے گا جسے دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پڑوسی ممالک اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں؛ ایرانی وزیر خارجہ کی قطری ہم منصب سے گفتگو
ایرانی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ عالمی تجارت کے لیے اہم ترین سمندری راستے ‘آبنائے ہرمز’ کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکہ کو پہلے ایران کی تمام شرائط پوری کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے، جس کے بعد ہی ایران اس حوالے سے کوئی قدم اٹھائے گا۔
ملاقات کے دوران قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے مشکل وقت میں ایران کی غیر متزلزل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے کہا کہ قطر نے تہران کے ساتھ تعاون میں کبھی تردد نہیں کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خطے کی موجودہ حساس صورتحال میں قطر احساسِ ذمہ داری کے تحت ایران کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کے لیے مکمل طور پر آمادہ اور پُرعزم ہے۔







