دشمن شیعہ سنی میں فرق نہیں کرتا، ہفتہ وحدت اتحاد کا بہترین موقع ہے، حجۃ الاسلام قاضی عسکر

26 اگست, 2026 09:04

شیعیت نیوز : حرم حضرت عبدالعظیم حسنیؑ تہران کے متولی حجۃ الاسلام والمسلمین قاضی عسکر نے کہا ہے کہ ’ہفتۂ وحدت‘ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط کرنے کا ایک عظیم موقع ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ دشمن شیعہ اور سنی میں کوئی فرق نہیں کرتا، بلکہ اس کا اصل مقصد فروعی اختلافات کو ہوا دے کر پورے عالمِ اسلام کو کمزور کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وحدت کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ مسلمان اپنے عقائد چھوڑ کر ایک دوسرے کے مسلک میں شامل ہو جائیں۔ بلکہ اس کا حقیقی مطلب یہ ہے کہ تمام مسلمان ایک خدا، ایک رسولؐ اور ایک قبلہ جیسی عظیم مشترکات کو بنیاد بنا کر باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ مسلم امہ مستحکم ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : طبابت صرف علاج نہیں، ایک عظیم انسانی و اخلاقی ذمہ داری ہے، آیت اللہ علی رضا اعرافی

مقدسات کی توہین کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے حجۃ الاسلام قاضی عسکر نے کہا کہ بعض شر پسند عناصر اختلافات کو ہوا دینے کے لیے مقدسات کی توہین کرتے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ایسے جاہلانہ اقدامات کا مکتبِ اہل بیتؑ، امام خمینیؒ اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے، کیونکہ قرآن تو دیگر مذاہب کے مقدسات کی توہین سے بھی سختی سے منع کرتا ہے۔

داعش جیسے تکفیری گروہوں کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ ان دہشت گردوں نے شیعوں کے ساتھ ساتھ اہل سنت کے علمائے کرام کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان جتنا زیادہ اپنے مشترکات پر توجہ مرکوز کریں گے اور تفرقے سے دور رہیں گے، عالمِ اسلام اتنا ہی مضبوط ہوگا اور دشمن کی سازشیں دم توڑ جائیں گی۔

10:19 صبح اگست 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔