طبابت صرف علاج نہیں، ایک عظیم انسانی و اخلاقی ذمہ داری ہے، آیت اللہ علی رضا اعرافی
آیت اللہ اعرافی
شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ’یومِ طبیب‘ کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک خصوصی پیغام میں ملک بھر کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی گراں قدر خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طب سے وابستہ افراد علم، مہارت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کا سرمایہ ہیں، جو اللہ تعالیٰ کی سب سے قیمتی نعمت یعنی انسانی زندگی اور صحت کی حفاظت کا عظیم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
اپنے پیغام میں سورۂ مائدہ کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی، گویا اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آیت اللہ اعرافی کا کہنا تھا کہ توحیدی فکر میں طب محض بیماریوں کے علاج کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک اعلیٰ انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے جو مصیبت زدہ مریضوں سے ہمدردی اور انسانی کرامت کے تحفظ سے جڑی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی بینکاری کانفرنس: شاندار کارکردگی پر الصادق انسٹیٹیوٹ کے لیے خصوصی ایوارڈ اور شیلڈ
امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے فرمان "علم اقتدار ہے” کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے ملک میں طب کے فروغ، بنیادی تحقیقات اور جدید ٹیکنالوجیز کے دانش مندانہ استعمال کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں اخلاقیات و انصاف کے تحفظ پر خصوصی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز جدید سائنسی کامیابیوں سے استفادہ کرنے کے ساتھ معاشرے کے اعتماد کی بھی حفاظت کریں۔
اپنے پیغام کے آخر میں حوزہ علمیہ کے سربراہ نے راہِ خدمت میں جان قربان کرنے والے شہید ڈاکٹروں کو یاد کرتے ہوئے تمام طبی عملے، اساتذہ، محققین اور بالخصوص قم یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے انتھک خدمت گزاروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تمام ڈاکٹروں کی سربلندی اور مریضوں کی جلد شفایابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔







