ایڈمرل حبیب اللہ سیاری: ایران کی دفاعی صلاحیت امریکہ کے لیے ناقابل یقین اور ناقابل برداشت
ایڈمرل حبیب اللہ سیاری
شیعیت نیوز : ایران کی مسلح افواج کے کوآرڈینیٹنگ ڈپٹی کمانڈر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت امریکہ کے لیے ناقابل یقین اور ناقابل برداشت بن چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مراغہ میں دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگ کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل سیاری نے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں عوامی شعور، دشمن شناسی اور سماجی استقامت کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے تاکہ دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام، مسلح افواج اور حکام کے درمیان اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی ہی امریکہ کے خلاف کامیابی کی بنیاد ہے۔ ایرانی قوم نے مختلف ادوار میں بیرونی دباؤ، جنگ، ثقافتی یلغار، نرم جنگ اور ہائبرڈ وار کا سامنا کیا، مگر ہر مرحلے پر دشمن کو ناکامی اور ایران کو کامیابی حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ سید محمد سعیدی: اسلامی وحدت اصلاحِ امور ترک کرنے کا نام نہیں
ایڈمرل سیاری نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایرانی قیادت اور فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنا کر اسلامی جمہوریہ کو کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن عوام کی مزاحمت اور مسلح افواج کی کارروائیوں نے ان منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایرانی عوام کے عزم، قومی وحدت اور مسلح افواج کی صلاحیت کا درست اندازہ نہیں لگایا، یہی اس کی سب سے بڑی غلط فہمی ثابت ہوئی۔ ان کے مطابق عوام کی بھرپور حمایت نے ایران کی دفاعی قوت کو مزید مضبوط کیا ہے، اور یہی طاقت امریکہ کے لیے ناقابلِ یقین اور ناقابلِ برداشت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے انقلاب کے بعد ہمیشہ اپنے اصولوں پر ثابت قدمی دکھائی ہے اور آئندہ بھی کسی جارح قوت کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کرے گی۔







