پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف، ایران-پاکستان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر
شیعیت نیوز : پاکستانی وزیر داخلہ سے ملاقات میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے میں امریکہ کی موجودگی امن نہیں بلکہ عدم استحکام اور بدامنی کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حکومت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت اور عوام پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ رہبر انقلاب نے بھی اپنے ابتدائی پیغام میں پاکستان کا خصوصی ذکر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر پزشکیان سے اہم ملاقات
قالیباف نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے تعلقات اس وقت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، جبکہ پارلیمانی روابط کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگ نے واضح کر دیا کہ امریکہ اور اسرائیل خطے کے ممالک کے لیے صرف بحران اور عدم استحکام کا باعث بنتے ہیں، جبکہ خطے کے مسائل کا حل باہمی اعتماد، علاقائی تعاون اور مشترکہ اقتصادی و سکیورٹی روابط میں پوشیدہ ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران ایران کو اپنے قومی مفادات پر مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے بھی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرتے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام پہلے بھی ایک دوسرے کے قریب تھے، تاہم حالیہ حالات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر قربت اور خیرسگالی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔







