ایران جنگ بندی کے لیے سنجیدہ، مگر قومی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایرانی صدر
شیعیت نیوز : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کے لیے سنجیدہ ہے تاہم ایرانی قوم کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ایرانی ایوان صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً آبنائے ہرمز، عارضی جنگ بندی اور ایران و امریکا کے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اپنی خواہشات کو معاہدہ بنا رہا ہے، ایران کی طرف سے کوئی تصدیق نہیں
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے لیکن امریکا کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں نے تہران کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایران پر ہونے والے 2 حملے ’پیٹھ میں چھرا گھونپنے‘ کے مترادف تھے۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال، ابتدائی جنگ بندی معاہدے اور پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔







