اسلام آباد دھماکہ: عون عباس نے اعتزاز حسن کی طرح بہادری کی مثال قائم کی، بمبار کو دبوچ کر سینکڑوں نمازیوں کی جانیں بچائیں

07 فروری, 2026 19:56

شیعیت نیوز : اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں ایک اور بہادر نوجوان ملک عون عباس نے اعتزاز حسن جیسی مثال قائم کی ہے۔

جمعہ کی نماز شروع ہو چکی تھی کہ یاسر نامی بمبار مسجد میں داخل ہوا۔ عون عباس نے نماز ترک کر کے (جیسا کہ اسلامی تعلیمات میں انسانی جان بچانے کے لیے نماز روکی جا سکتی ہے) بمبار کو دبوچ لیا اور اسے نمازیوں سے دور لے گیا۔ اس دوران بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور عون عباس دیگر نمازیوں کے ساتھ جنت الفردوس میں مقام پا گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردانہ واقعہ، سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے: علامہ رمضان توقیر

عون عباس گزشتہ سال اربعین کے موقع پر کربلا بھی گئے تھے، بہادر سکاؤٹ تھے، سبیلوں کا اہتمام کرتے تھے۔ والدین کی خواہش تھی کہ دیار غیر میں ذریعہ معاش تلاش کر لیں، ایک ٹیسٹ بھی پاس کر لیا تھا اور تیاری مکمل تھی کہ عون عباس نے عدم کی ٹکٹ کٹوا لی۔

ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملک عون عباس نے 15 شعبان کو امام زمانہ عج کو عریضہ بھی لکھا تھا۔ بہادر نوجوان کی دعائیں قبول ہوئیں اور گلزار شہدا میں جگہ بنالی۔

عون عباس بھی اعتزاز حسن جیسا بہادر نوجوان ہے جس نے اپنی جان دے کر کئی نمازیوں کو بچا لیا۔ حکومت کو چاہیے کہ اسے قومی ہیرو قرار دے کر سول اعزاز سے نوازے۔

توقیر کھرل

5:06 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top