دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردانہ واقعہ، سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے: علامہ رمضان توقیر
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا دلی افسوس ہے، شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
علامہ رمضان توقیر نے مزید کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کا واقعہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے جس کا باریکی بینی سے جائزہ لینا انتہائی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترلائی دھماکہ اسلام کی تعلیمات کی نفی ہے، مجرموں کو فوری سزا دی جائے، حجت الاسلام علی اصغر عرفانی
انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ انسانیت سوز، مذہبی اقدار اور قومی سلامتی پر براہ راست حملہ ہے۔ سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔
علامہ رمضان توقیر نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر ملک میں امن و امان کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں تاہم قوم کے اتحاد اور بیداری سے ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد شفا دے۔







