ترلائی دھماکہ اسلام کی تعلیمات کی نفی ہے، مجرموں کو فوری سزا دی جائے، حجت الاسلام علی اصغر عرفانی
شیعیت نیوز : جامعہ روحانیت بلوچستان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین علی اصغر عرفانی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ہر اس تعلیم اور ہر اس نظریے کی نفی ہے جو اسلام ہمیں دیتا ہے۔ اسلام کبھی بھی بے گناہوں کے قتل، خواتین، بچوں اور معصوم نمازیوں پر حملوں کی اجازت نہیں دیتا۔ مسجدیں تو اللہ کا گھر ہیں، یہاں امن کی دعائیں مانگی جاتی ہیں، یہاں محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ہم اس بے ہودہ اور وحشیانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
حجت الاسلام عرفانی نے اس افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے تمام بے گناہ افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے فوری شفایاب ہونے کی بھی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: ترلائی دھماکے کے ذمہ دار وزیر داخلہ اور سکیورٹی ادارے ہیں، عوام خود تحفظ کرے، علامہ اشفاق وحیدی
انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسے واقعات میں متحد رہے، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت سے بچے اور مل کر دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط محاذ بنائیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے، ہمیں امن اور استحکام عطا فرمائے اور ہمارے ملک کو ہر قسم کی بدامنی اور دہشتگردی سے محفوظ رکھے۔ آمین۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں رواداری، محبت اور باہمی احترام کے جذبات کو کیسے مضبوط کریں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ لوگ کسی مذہب کے نمائندے ہوتے ہیں۔ یہ صرف انسانیت کے دشمن ہیں جن کا مقابلہ ہم سب کو مل کر کرنا ہے۔ اللہ پاک ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ آمین۔







