ترلائی دھماکہ انسانیت دشمن فعل ہے تکفیری گروہوں کے نیٹ ورکس جڑ سے ختم کریں، علامہ سید جواد نقوی

07 فروری, 2026 19:41

شیعیت نیوز : تحریک بیداری امت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے اسلام آباد میں مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں پر ہونے والے دلخراش دہشت گردانہ خودکش حملے اور دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سفاکانہ اور بزدلانہ کارروائی میں نمازیوں کی شہادت اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ انسانیت دشمن فعل نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث صدمہ ہے۔

علامہ جواد نقوی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بارگاہ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت کاملہ نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: ترلائی دھماکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے: مجرموں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے، آیت اللہ ریاض حسین نجفی

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس المناک واقعے میں سامنے آنے والی سیکیورٹی کوتاہیوں، خصوصاً دارالحکومت میں موجود حفاظتی خلا و کمزوری کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے۔ ذمہ دار عناصر کا فوری تعین کیا جائے اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے مؤثر، عملی اور مستقل اقدامات کیے جائیں۔

علامہ جواد نقوی نے زور دیا کہ محض رسمی بیانات نہیں بلکہ زمینی حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک بھر میں سرگرم تکفیری گروہوں کے خلاف فوری، فیصلہ کن اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ خصوصاً دارالحکومت اسلام آباد میں ان پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور ان کے فکری و عملی نیٹ ورکس کو جڑ سے ختم کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ قوم کو چاہیے کہ اتحاد، بصیرت اور استقامت کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کرے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے۔

علامہ جواد نقوی نے دعا کی کہ اللہ رب العزت پاکستان کو امن، سلامتی اور استحکام عطا فرمائے اور ہمیں باہمی وحدت کے ساتھ ہر فتنے کا مقابلہ کرنے کی توفیق دے۔

10:12 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top