وزیر مملکت طلال چوہدری پمز ہسپتال کا دورہ، شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار
شیعیت نیوز : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پمز ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے ترلائی کلاں جامع مسجد قصرِ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی۔
طلال چوہدری نے زخمیوں سے ملاقات کی، ان کے حال احوال معلوم کیے اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو فوری ہدایت کی کہ دھماکے کے زخمیوں کے لیے خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی کمی نہ رہنے دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان کی ترلائی امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کی شدید مذمت
وزیر مملکت نے کہا: "حکومت زخمی مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ زخمیوں کو بہترین علاج میسر ہو اور وہ جلد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔”
یہ دورہ اس وقت ہوا جب پمز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ ہے اور زخمیوں کو آرتھوپیڈک، برن سنٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام متعلقہ شعبوں میں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔







