مولانا فضل الرحمان کی ترلائی امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کی شدید مذمت
شیعیت نیوز : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ حملہ آور انسانیت کے دشمن ہے اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان کے بعد اب اسلام آباد میں بھی مسلسل دہشت گرد کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ ملک کا کوئی حصہ دہشت گردوں سے محفوظ نہیں رہا۔
فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے والے قومی و بین الاقوامی عناصر کی مجرمانہ ذہنیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اہم سانحوں کے بعد حکمرانوں کے دورے اور مذمتی بیانات پر انحصار کرکے قوم کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کب عوام کے مستقبل اور آنے والی نسلوں کی حفاظت کا نظام بنایا جائے گا؟
مولانا فضل الرحمان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت پیش کی اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونے کا اظہار کیا۔ زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔







