کربلا کا پیغام حق، عدل، قربانی اور استقامت کا عالمگیر پیغام ہے، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی

05 فروری, 2026 11:57

شیعیت نیوز : بنو، ضلع سجاول میں ولادتِ باسعادت حضرت امام حسینؑ اور علمدارِ کربلا حضرت مولا غازی عباسؑ کا شاندار جشن، علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا دل نشین خطاب

بنو، ضلع سجاول میں جشنِ ولادتِ سید الشہداء حضرت امام حسینؑ اور علمدارِ کربلا حضرت مولا غازی عباسؑ کی مناسبت سے ایک شاندار، بابرکت اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار محفل میں علاقے کے جید علماء، معزز شخصیات، نوجوانوں اور عاشقانِ اہلِ بیتؑ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

تقریب سے پاکستان کے معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سیرتِ امام حسینؑ اور حضرت غازی عباسؑ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا حق، عدل، قربانی اور استقامت کا ایسا عالمگیر پیغام ہے جو ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے سب کو حیران کر دیا ہے: امریکہ اور اسرائیل کے سامنے جرات اور سرکشی سے کھڑا ہے، فرانسیسی صحافی

معروف نوحہ و قصیدہ خواں برادر سید غلام حیدر شیرازی نے دل سوز اور عقیدت سے بھرپور قصیدہ خوانی پیش کی۔ تقریب کی نظامت و میزبانی مجلسِ وحدتِ مسلمین ضلع سجاول کے رہنما مولانا فیاض احمد شیخ اور برادر مختیار احمد دیو نے انجام دیئے۔ اس موقع پر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کو سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک بطورِ تحفہ پیش کی گئی۔

اپنی تقریر میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے اتحادِ بین المسلمین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ کی سیرت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اختلافات کے باوجود باہمی احترام، حسنِ سلوک اور اعلیٰ اخلاق کو فروغ دیا جائے اور تمام مسالک کے ساتھ رواداری کا رویہ اپنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؑ ظلم کے خلاف قیام، دینِ اسلام کی بقا اور انسانیت کی سربلندی کی روشن علامت ہیں، جبکہ حضرت مولا غازی عباسؑ وفا، اطاعت، شجاعت اور ایثار کا عظیم پیکر ہیں۔ ان مقدس ہستیوں کی سیرت ہمیں حق کا ساتھ دینے، مظلوم کی مدد کرنے اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہے۔

آخر میں ملک و ملت، اتحادِ امت اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے ساتھ یہ روحانی اور تاریخی جشن اختتام پذیر ہوا۔

6:54 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top