غزہ امن بورڈ سامراجی سازش ہے، پاکستان فوری دستبرداری کرے، علامہ رمضان توقیر
شیعیت نیوز : علامہ محمد رمضان توقیر کا سخت بیان: غزہ امن بورڈ ایک سامراجی سازش ہے، پاکستان فوری طور پر اس سے الگ ہو
ڈیرہ اسماعیل خان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے کے امن کو تباہ کرنے اور جنگ کی آگ بھڑکانے کے درپے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ٹرمپ کی سربراہی میں بننے والے نام نہاد غزہ امن بورڈ چارٹر کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ اس میں اسرائیل کے مفادات اور فلسطینی عوام کے قتلِ عام کی کھلی حمایت کے سوا کچھ نہیں ہے۔
علامہ رمضان توقیر نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کو استعماری اور سامراجی ایجنڈے میں شامل ہونے کے بجائے شیطان بزرگ (امریکہ) کے شر سے بچنا چاہیے۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو اپنی عوام کے جذبات اور احساسات کا لحاظ رکھتے ہوئے فوری طور پر غزہ امن بورڈ سے دستبرداری کا اعلان کرنا چاہیے۔ اسلامی ممالک کی عوام بلا تفریق اس بورڈ کو قبول نہیں کر رہی بلکہ شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ بابو کی بڑی باتیں، لیکن بحر ہرمز کے سامنے امریکہ کے بحری بیڑے کے کانپنے کی خبر
انہوں نے کہا کہ غزہ امن بورڈ کا حصہ بننے والے ممالک کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے اور ایران، لبنان، شام اور فلسطین سمیت خطے میں قیامِ امن کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔ پاکستان کے حکمرانوں کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ سعودی عرب، امارات، اردن، ترکیہ اور ایران سمیت اس پلان کا حصہ نہ بننے والے دیگر ممالک کی طرح جرأت کا مظاہرہ کریں اور اس مذموم سازش سے کنارہ کشی کریں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ پاکستان کے گرین پاسپورٹ پر واضح درج ہے کہ اسرائیل کے علاوہ دنیا بھر کے تمام ممالک کے لیے قابل استعمال ہے۔ بانی پاکستان کے ویژن کی نفی ہے کہ پاکستان کی فوج غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف استعمال ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی غیور عوام فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور نہیں چاہتی کہ پاکستان کی فوج غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف استعمال ہو، بلکہ جتنا ممکن ہو مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرے۔







