خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان کی امریکی قیادت والے بورڈ آف پیس میں شمولیت مسترد
شیعیت نیوز: خیبر پختونخوا اسمبلی نے پاکستان کی امریکی قیادت والے نام نہاد "بورڈ آف پیس” میں شمولیت کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی نے اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں واضح کیا کہ پاکستان کی اس بورڈ میں شرکت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے منافی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ بورڈ فلسطین اور غزہ کی قیادت کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطین اور غزہ کی خود ارادیت، آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کے حق کو پس پشت ڈال کر اسرائیل کے مذموم عزائم کو تقویت دی جا رہی ہے۔
قرارداد میں مزید بیان کیا گیا کہ امریکہ کی سربراہی میں قائم یہ بورڈ، جو اسرائیل کے مظالم کی حمایت کرتا رہا ہے، اصل میں امن بورڈ نہیں بلکہ ایک "طاقتور بورڈ” (Board of Power) ہے جس کا اصل ایجنڈا فلسطین اور غزہ کی مزید تباہی اور اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ: سیز فائر کے 108ویں دن قابض اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 4 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
اسمبلی نے خبردار کیا کہ بورڈ سب-کمیٹی بھی تشکیل دے سکتا ہے اور پاکستان کی شرکت سے خطرہ ہے کہ اسرائیل کی سربراہی میں اس میں پاکستان کو شامل کر کے عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین اور غزہ کی خود مختاری، آزادی اور حقوق کی بھرپور حمایت جاری رکھے، اسرائیل کے مظالم کے خلاف دوٹوک اور اصولی موقف اختیار کرے اور کسی بھی ایسی مہم یا عالمی فورم میں حصہ نہ لے جو فلسطینی عوام کے اصولی موقف کے منافی ہو۔
قرارداد میں پاکستان کے تاریخی اور اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا گیا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور مظلوم کی حمایت کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد بنایا تھا۔







