غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں، ہم اسے نہیں مانتے، حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی کوئی نمائندگی نہیں، لہٰذا ہم اس پیس بورڈ کو تسلیم نہیں کرتے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام مسالک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحاد کی بات کی ہے، فرقوں میں تقسیم ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ ہمارا مسئلہ نہیں کہ کسی شخص کا تعلق کس فرقے سے ہے، تمام مسالک، تمام آئمہ اور فقہاء قابلِ عزت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا پر سرمایہ دارانہ نظام مسلط ہے، جس کے باعث غریب مزید غریب اور امیر مزید امیر ہوتا جا رہا ہے۔ دو ہزار دو سو ارب روپے ہم نے اس بجلی کے ادا کیے جو کبھی بنی ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنا پاکستان کی بے توقیری کے مترادف ہے۔ غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں، اور اس میں شمولیت سے قبل پارلیمنٹ میں کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں پولیس مقابلہ، کالعدم سپاہِ صحابہ سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب دہشتگرد بھتہ خور جہنم واصل
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی عالمی طاقت سے ٹکراؤ نہیں چاہتے، لیکن غلامی بھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے ایک فیصلے نے پاک افغان بارڈر کو غیر محفوظ بنا دیا، پہلے بھی قوم سے مشورہ نہیں کیا گیا اور اب بھی نہیں کیا جا رہا، جو قوم کے ساتھ مذاق ہے۔







