ایران دھونس اور دھمکیوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر کا دوٹوک جواب
شیعیت نیوز : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکی نمائندے کے اس بیان پر ردعمل دیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران اپنی سرزمین پر یورینیم کی افزودگی نہیں کر سکتا۔
ایروانی نے کہا کہ امریکی نمائندے کے جواب میں عرض ہے کہ ہم کسی بھی منصفانہ اور بامقصد مذاکرات کی قدر کرتے ہیں۔ تاہم، نام نہاد زیرو اینرچمنٹ (صفر افزودگی) پالیسی پر اصرار این پی ٹی کے رکن کے طور پر ایران کے حق سے مکمل طور پر متصادم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ طرزِ عمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ منصفانہ مذاکرات نہیں چاہتے، بلکہ اپنے پہلے سے طے شدہ ارادوں کو ایران پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جیکب آباد میں آئی ایس او کا اجلاس: احیائے ثقافت اسلامی اور استحکام پاکستان پر زور
ایرانی سفارت کار نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ تہران دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا، اور نہ ہی کسی کے گیڈر بھبکیوں سے بلیک میل ہوگا۔
ایران بارہا کہہ چکا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کی تلاش میں نہیں ہے، اور اس کی جوہری ٹیکنالوجی محض شہری مقاصد کے لیے ہے۔ مزید برآں، رہبرِ انقلابِ اسلامی کا ایک فتویٰ بھی موجود ہے جو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار رکھنے اور ان کے استعمال کو شرعاً حرام قرار دیتا ہے۔







