پاکستان کا فلسطین سے اٹوٹ عزم: وزیراعظم اور صدر کے طاقتور پیغامات جاری
شیعت نیوز : عالمی یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پختہ عزم کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ دہائیوں سے فلسطینی قوم زمین سے محرومی اور حقِ خودارادیت کی مسلسل نفی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ گھروں، ہسپتالوں، اسکولوں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی انسانیت کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم اور منظم نسل کشی پر مؤثر عالمی احتساب انتہائی ضروری ہے۔ دو ریاستی حل سے متعلق حالیہ بین الاقوامی کانفرنس اور غزہ امن منصوبہ ایک اہم موقع ہے جسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ جنگ بندی کا جاری رہنا اور تشدد کی روک تھام ناگزیر ہے، جبکہ غزہ میں بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : کرپشن اور بدانتظامی قومی تباہی کا باعث بن رہی ہے، علامہ شبیر حسن میثمی
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فلسطینی سرزمین، بشمول غزہ، سے اسرائیل کا مکمل انخلا ضروری ہے۔ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان دیرپا اور جامع فلسطینی حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی عالمی یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں بہادر فلسطینی عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام سے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ہمیشہ انسانیت، انصاف اور برابری کی بنیاد پر ان کا ساتھ دیتا آیا ہے۔
صدر نے کہا کہ 1940 کی قرارداد لاہور میں بھی فلسطینی حقِ خودارادیت کی واضح حمایت شامل تھی اور پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور اسرائیل کے جنگی جرائم پر احتساب کو ضروری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور آئی سی جے میں پاکستان فلسطینی حقوق کے لیے سرگرم رہا ہے۔ غزہ امن معاہدے میں بھی پاکستان نے تعمیری کردار ادا کیا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔
آخر میں صدر نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگا دے، اور یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ وہ ایک دن اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مسجدِ اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔







