مغربی کنارے میں مسجد کو نذرِ آتش کرنے کی کوشش، اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری: مزید 25 فلسطینی گرفتار
شیعیت نیوز : عالمی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مغربی کنارے کے شہر سلفیت کے قریب پیش آیا، جہاں اسرائیلی آبادکاروں نے مسجد کے دروازے پر آتش گیر مواد چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق آبادکاروں نے مسجد کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے بھی تحریر کیے۔ تاہم مقامی شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور بڑے نقصان سے بچا لیا۔
یہ بھی پڑھیں : اقوامِ متحدہ نے فلسطینی عوام کی قدرتی وسائل پر دائمی حاکمیت کو تسلیم کر لیا
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں تازہ کارروائیوں کے دوران 25 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق طولکرم کے قریب دیر الغصون کے علاقے میں تین نوجوانوں کو گھروں پر چھاپے مار کر حراست میں لیا گیا۔
اسی طرح الخلیل کے قریب دورا کے علاقے میں 18 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جنوبی الخلیل میں بزرگوں سمیت متعدد شہریوں سے فیلڈ انویسٹی گیشن بھی کی گئی۔ مزید برآں نابلس کے جنوب میں بیٹا اور قریوت کے علاقوں سے چار افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپے اور گرفتاریاں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں، جنہیں عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔







