یمن میں امریکی، اسرائیلی اور سعودی انٹیلی جنس نیٹ ورک بے نقاب، خفیہ سازش ناکام
شیعیت نیوز: یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی، اسرائیلی اور سعودی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے منسلک ایک خفیہ نیٹ ورک کو حال ہی میں بے نقاب کرکے تباہ کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق یہ نیٹ ورک صنعاء حکومت کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت ختم کرنے کے لیے سرگرم تھا۔
مہدی المشاط نے اس کامیابی کو یمنی عوام کی بیداری، اتحاد اور قرآنی تعلیمات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی تمام سازشیں یمن کی استقامت کے سامنے ناکام ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں حکومتی تعطیلات سے بھوک میں اضافہ، شہری خوراک کی کمی کے خدشات میں مبتلا
یمنی وزارت اطلاعات کے نائب وزیر نصرالدین عامر نے تصدیق کی کہ یہ نیٹ ورک غزہ کی حمایت میں یمن کی جدوجہد کے خلاف سرگرم تھا، اور سعودی عرب براہِ راست صہیونیوں کے ساتھ مل کر اس جنگ میں شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں صنعاء اور ریاض کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
عامر نے مزید خبردار کیا کہ یہ جاسوس نیٹ ورک پورے ملک میں سرگرم تھا اور اس کی تباہی امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
یاد رہے کہ یمنی وزارتِ داخلہ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایسے جاسوس نیٹ ورک کے ارکان کو گرفتار کیا ہے جو سی آئی اے، موساد اور سعودی انٹیلی جنس کے مشترکہ آپریشن روم سے منسلک تھے۔
حکام کے مطابق، یہ مشترکہ مرکز ایک خلیجی ریاست میں قائم تھا اور یمن میں تخریب کاری، جاسوسی اور فرقہ وارانہ انتشار کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا تھا۔







