ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ اور ریلوے راہداری پر پیش رفت ہورہی ہے، پاکستانی سفیر
شیعیت نیوز: تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں اور حالیہ برسوں میں ان میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدثر ٹیپو نے پاکستانی سفارتخانے میں یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا، جبکہ ایران نے بھی بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کو سفارتی و سیاسی حمایت فراہم کی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بارٹر ٹریڈ کے لیے قانونی فریم ورک کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیا، جس سے مالیاتی رکاوٹیں ختم ہوں گی اور سرحدی علاقوں میں براہِ راست اشیاء کے تبادلے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔ مدثر ٹیپو نے ایرانی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ عوام میں بارٹر سسٹم کے فوائد سے آگاہی پھیلاۓ، اور بتایا کہ وہ جامعات، چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادری سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اس نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران و عمان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات خطے میں استحکام کے ضامن ہے؛ ایرانی صدر
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان-ایران-ترکی ریلوے راہداری، بالخصوص کوئٹہ-تفتان روٹ کی بحالی پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ خطے میں رابطے اور تجارتی گزرگاہیں مضبوط بنائی جا سکیں۔
اسلام آباد اور تہران کے سیاسی تعلقات کے حوالے سے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام باقاعدہ رابطے میں رہتے ہیں تاکہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور باہمی اعتماد و تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔







