امریکہ کا ویٹو، اسرائیل کا قتلِ عام، حافظ نعیم کا دو ٹوک مؤقف
جماعت اسلامی کے امیر کا شوریٰ اجلاس سے خطاب، مسلم اتحاد اور عوامی تحریک پر زور

شیعیت نیوز : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امریکہ بار بار جنگ بندی کی قراردادوں کو ویٹو کرکے امن پسند عالمی برادری کی تضحیک کر رہا ہے اور اسرائیل کو غزہ میں قتل عام جاری رکھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی پشت پناہی میں امریکہ کا کردار سب کے سامنے ہے، بار بار جنگ بندی کو ویٹو کرنا اس کی واضح مثال ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قومی و بین الاقوامی امور اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ایک کے بعد ایک مسلمان ملک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ قطر پر حملے کے بعد مسلم ممالک میں اتحاد کی طرف بڑھنے کے حوالے سے سوچ بچار شروع ہوئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کا معاہدہ مسلم ممالک کے اتحاد کی طرف ایک مثبت قدم ہے، لہٰذا دیگر اسلامی ممالک خصوصاً ایران اور ترکی کو بھی اس معاہدے میں شامل کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید حسن نصراللہ، ایک عہد ساز رہنما کی داستانِ مزاحمت
انہوں نے وادی تیراہ جیسے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات غیر یقینی صورتحال میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، جہاں معصوم عورتوں اور بچوں کے قتل سے عوام کے اندر غم و غصہ اور نفرت بڑھتی ہے۔ اس کے نتیجے میں اداروں پر عدم اعتماد میں اضافہ اور عوام سے دوری پیدا ہوتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک طالبان کا مسئلہ افغانستان کے تعاون سے پُرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ دونوں ملک بات چیت کے ذریعے اپنے مسائل حل کریں، اسی میں دونوں کی بھلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ظلم و جبر کا مسلط نظام تبدیل نہیں ہوتا، ملک میں حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک بڑی عوامی تحریک کی ضرورت ہے اور جماعت اسلامی اس ضرورت کو پورا کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سائے میں برسوں سے اقتدار پر قابض جماعتوں کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ طویل اقتدار کے باوجود یہ جماعتیں عوام کو ریلیف دینے اور اعتماد حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔ حکومت میں بیٹھے ہوئے مافیاز عام آدمی کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لینا چاہتے ہیں۔ پہلے چینی اور اب آٹا عوام کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔ ہوشربا مہنگائی نے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔