فتنہ الہندوستان کا جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ گل رحمان افغانستان میں ہلاک
شیعیت نیوز : فتنہ الہندوستان کا خطرناک دہشت گرد اور جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہلاک ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان میں مارا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گل رحمان عرف استاد مرید جعفر ایکسپریس حملے کا اصل منصوبہ ساز تھا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دہشت گرد افغان صوبے ہلمند میں 17 ستمبر 2025 کو ہلاک ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گل رحمان فتنہ الہندوستان مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشنل کمانڈر تھا۔ وہ سکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، معصوم عوام اور مختلف اہم اداروں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا۔ ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان نے پاکستان کے نہتے شہریوں، سکیورٹی فورسز اور سی پیک منصوبوں کو بارہا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : نئی نسل کو بعث پارٹی کے مظالم سے آگاہ کرنا ضروری ہے، سید صدرالدین قبانچی
یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر خوفناک حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 26 افراد شہید ہوئے تھے۔ فورسز کی بروقت کارروائی میں 33 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 350 سے زائد یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا تھا۔







