نئی نسل کو بعث پارٹی کے مظالم سے آگاہ کرنا ضروری ہے، سید صدرالدین قبانچی
اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور انتخابات میں بھرپور شرکت پر زور، مومنین کو روزانہ خود احتسابی کی تلقین

شیعیت نیوز : نجف اشرف کے امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین سید صدرالدین قبانچی نے اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نصاب میں بعث پارٹی کے جرائم شامل کیے گئے ہیں، جو درست سمت میں ایک اہم قدم ہے تاکہ نئی نسل یہ جان سکے کہ سابقہ ظالم حکومت کے دور میں عوام نے کس قدر مصائب برداشت کیے۔ انہوں نے وزارت تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مظالم کو مستند انداز میں طلبہ کے سامنے بیان کریں اور دینی و اخلاقی تربیت پر بھی خاص توجہ دیں۔
انہوں نے دوحہ میں اسرائیلی حملے کے بعد ہونے والے عرب و اسلامی ممالک کے اجلاس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف مذمت کافی نہیں، بلکہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ، تجارتی روابط کے خاتمے اور سیاحت پر پابندی جیسے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں :
امام جمعہ نجف اشرف نے بغداد میں شیخ عبدالستار القرغولی کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ قاتل ایک انتہا پسند گروہ "مدخلیہ” سے وابستہ تھے۔ انہوں نے حکومت عراق سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ایسے گروہوں کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
انتخابات کے موضوع پر سید قبانچی نے کہا کہ عراق میں انتخابی فضا گرم ہو رہی ہے اور بعض اوقات یہ سیاسی عمل فرقہ واریت کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اصلاحات اور ملک کے مستقبل کی حفاظت کے لیے انتخابات میں بھرپور شرکت ضروری ہے۔
خطبہ کے دوسرے حصے میں انہوں نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "حاسبوا أنفسکم قبل أن تُحاسبوا” یعنی "اپنے اعمال کا حساب خود لو اس سے پہلے کہ تمہارا حساب لیا جائے”۔ انہوں نے کہا کہ ہر مومن کو دن میں کئی بار اپنا محاسبہ کرنا چاہیے، اچھے اعمال کو مزید بڑھانا چاہیے اور برے اعمال پر توبہ کرتے ہوئے دوبارہ ان کی طرف نہ لوٹنا چاہیے۔ یہی راستہ انسانی تکامل اور روحانی بلندی کی طرف لے جاتا ہے۔