ایم ڈبلیو ایم کا سیلاب متاثرین کے لیے ملک گیر امدادی مہم کا اعلان
شیعیت نیوز : حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث اہل وطن خصوصاً گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے عوام کو درپیش مشکلات اور نقصانات کے ازالے کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر میں امدادی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ سے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں حالیہ سیلاب نے قیامت صغریٰ برپا کردی ہے۔ درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، سات سو سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں، ہزاروں افراد زخمی ہوئے اور بے شمار خاندان بے گھر ہو کر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :
اس مشکل اور نازک گھڑی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے پریشان حال سیلاب متاثرہ اہل وطن کی فوری مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آپ سے پرخلوص اپیل ہے کہ اپنی اپنی سطح (صوبائی، ضلعی، تحصیل، یونٹ) پر ہنگامی بنیادوں پر امدادی کیمپس قائم کریں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں نقد عطیات، خشک اجناس، نئے کپڑے، برتن، خیمے اور ادویات جمع کرکے مرکز کو ارسال کریں تاکہ مصیبت زدہ بھائیوں اور بہنوں تک یہ امانتیں بروقت پہنچائی جا سکیں۔
یہ خدمت نہ صرف ایک انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے خداوند متعال کی خوشنودی اور اجر عظیم کے حصول کا بھی ذریعہ ہے۔







