کربلا میں بین الاقوامی کانفرنس — اربعینِ حسینی اخوت و وحدت کی علامت قرار
حجۃ الاسلام سید ضامن جعفری کا خطاب — اربعین مؤمنین کے درمیان بھائی چارے اور خدمت کی عملی تصویر ہے

شیعیت نیوز : اربعینِ حسینی کی مناسبت پر "کرامت، عدل و انصاف اور عالمی ذمہ داری” کے عنوان سے ایک بین الاقوامی کانفرنس مجمع جہانی اہل بیت کی جانب سے کربلا معلی میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر نجف اشرف میں دفتر مرجع مسلمین و جہانِ تشیع حضرت آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی (دام ظلہ الوارف) کے شعبہ وکالات الخارجیہ و تعلقات عامہ کے نمائندے، حجۃ الاسلام سید ضامن جعفری نے موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی آیت "انما المؤمنون اخوۃ” اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت ہمیں یہی پیغام دیتی ہے کہ مؤمن دوسرے مؤمن کا بھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر سوال پیدا ہوتا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے مؤمنین، جو ایک دوسرے کو نہیں جانتے اور جن کی زبان، ثقافت اور جغرافیائی محلِ وقوع مختلف ہیں، وہ ایک دوسرے کے بھائی کیسے ہو سکتے ہیں؟ جبکہ جب شریعت نے بھائی کہا ہے تو بھائیوں کے ایک دوسرے پر حقوق بھی قرار دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں جبری گمشدہ شیعہ عزاداروں کے اہلخانہ کا احتجاجی مظاہرہ
انہوں نے مزید کہا کہ اربعینِ امام حسین علیہ السلام نے دنیا کو یہ حقیقت دکھا دی کہ مختلف ملکوں، زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے جب صدائے "لبیک یا حسین” کے زیرِ سایہ جمع ہوتے ہیں تو ایک حسینی دوسرے حسینی کی خدمت کے لئے ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ زائرین اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ ایک دوسرے کی خدمت میں حاضر رہتے ہیں اور اس طرح ایک بھائی، اربعین کے ایام میں اپنی استطاعت کے مطابق دوسرے بھائی کا حق ادا کرتا ہے۔
حجۃ الاسلام سید ضامن جعفری نے کہا کہ اربعینِ امام حسین علیہ السلام ہمارے لئے پروردگار عالم کی ایک عظیم نعمت ہے، جس نے ہمیں پرچمِ "لبیک یا حسین” تلے متحد کیا۔