مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی: پاکستان کی اسرائیل پر شدید مذمت

04 اگست, 2025 20:39

شیعیت نیوز : پاکستان نے غاصب اسرائیلی وزرا کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق، وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سینئر اسرائیلی حکام کی مسجد اقصیٰ میں موجودگی اور ان کا اشتعال انگیز بیان کہ ’’ٹیمپل ماؤنٹ ہمارا ہے‘‘ ایک دانستہ اور خطرناک کوشش ہے، جس کا مقصد نہ صرف عالمی سطح پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ہے بلکہ مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی سازش بھی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خطے کو غیر مستحکم کرنے، اور امن کے کسی بھی ممکنہ راستے کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ اس طرح کے اقدامات خطے میں بڑے پیمانے پر تشدد کی ایک خطرناک لہر کو جنم دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی حکمت عملی نے اسرائیل کو جھکا دیا: آلساندرو اورسینی کا تہلکہ خیز انکشاف

پاکستان نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ بنائیں اور مسجد اقصیٰ کی مذہبی حرمت کو تحفظ دینے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

وزارت خارجہ نے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور انسانی حقوق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

8:02 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔