آئی اے ای اے کا وفد آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کرے گا، نئے قانون پر مشاورت متوقع
شیعیت نیوز : عرب ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ بین الاقوامی جوہری ایجنسی (آئی اے ای اے) کا ایک وفد آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کرے گا۔
ایک باخبر ذریعے نے بتایا ہے کہ یہ دورہ ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور شدہ نئے قانون کی روشنی میں، ایجنسی سے تعاون معطل کرنے کے طریقہ کار پر تبادلۂ خیال کے لیے ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صہیونی وزیر کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر ایران کی شدید مذمت
المیادین کے مطابق، یہ مشاورتیں سیاسی پہلوؤں پر مرکوز ہوں گی اور اس وفد میں کوئی بھی انسپکٹر شامل نہیں ہوگا۔
یہ دورہ ایک نئے مرحلے کے آغاز کی علامت سمجھا جا رہا ہے، جس میں ایران اور آئی اے ای اے کے تعلقات ایرانی پارلیمنٹ کی تازہ ترین قانون سازی کے تناظر میں نئے خطوط پر استوار کیے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ قانون امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے ایٹمی مراکز پر حملے اور سائنسدانوں کی شہادت کے بعد منظور کیا گیا تھا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے 28 جولائی کو بیان دیا تھا کہ ایران اب بھی آئی اے ای اے کے حفاظتی معاہدوں کا فریق ہے، اور ممکنہ طور پر ایجنسی کے ساتھ تعاون کے لیے نئے رہنما اصول طے کیے جائیں گے۔
المیادین کے مطابق، آئی اے ای اے کا ایک اور سینئر عہدیدار اگلے دو ہفتوں میں ایران کا دورہ کرے گا تاکہ تکنیکی پہلوؤں پر بھی مشاورت کی جا سکے۔







