حکومتی پالیسی نہ آئی تو زائرین کا کراچی سے کربلا بذریعہ رِیمدان مارچ ہوگا، ایم ڈبلیو ایم کا اعلان

03 اگست, 2025 18:24

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ایک اہم اور فیصلہ کن اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے اربعین 1447ھ کے زائرین کے لیے کوئی واضح اور مثبت پالیسی پیش نہ کی، تو زائرین بذریعہ رِیمدان بارڈر کراچی سے کربلا تک سفر کا آغاز کریں گے۔

اعلامیہ کے مطابق، تمام زائرین جن کے ایرانی ویزے جاری ہو چکے ہیں، وہ اپنے سفری ساز و سامان اور اشیائے خور و نوش کے ہمراہ تیار رہیں۔ یہ سفر صرف زیارتِ مقدسہ کا نہیں بلکہ اپنے آئینی، انسانی اور مذہبی حق کے تحفظ کا سفر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : توہین مذہب کو کاروبار بنانا اسلام اور انسانیت کی توہین ہے، علامہ سبطین سبزواری

مجلس وحدت مسلمین نے واضح کیا کہ زیارتِ مقدسہ پر جانا ہر پاکستانی شہری کا آئینی اور شرعی حق ہے، اور ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی جان، مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ کرے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ زائرین کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ، دباؤ یا غیر آئینی اقدام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر ریاست نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو یہ قافلہ بذات خود سفر پر نکلے گا اور اسے روکنے کی کوئی بھی کوشش زائرین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے حکومت وقت سے فوری اور واضح پالیسی کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ زائرین کی آواز کو ہر پلیٹ فارم پر بلند کریں گے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا جبر کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے۔

8:40 صبح اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔