زائرین کے زمینی راستوں کی بندش پر شیعہ علماء کونسل کا ہنگامی اجلاس
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیر صدارت شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی رہائش گاہ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ملک بھر سے مجلس عاملہ کے اراکین نے بھرپور شرکت کی، جبکہ جو اراکین جسمانی طور پر اجلاس میں شریک نہ ہو سکے، انہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کے مطابق، دو سیشنز پر مشتمل مرکزی مجلس عاملہ کا یہ تقریباً آٹھ گھنٹے طویل اجلاس حکومت کی جانب سے زائرین کے زمینی راستوں کی بندش کے حوالے سے منعقد کیا گیا۔ اجلاس کا واحد نکاتی ایجنڈا یہی مسئلہ تھا، جس پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔ تمام پہلوؤں پر سیر حاصل مشاورت کے بعد مختلف تجاویز مرتب کی گئیں، جنہیں حتمی شکل دینے کے لیے یہ اجلاس کل تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مشاورت کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید عارف حسینی کی فکر آج بھی زندہ ہے؛ عاشق حسین سھتو
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ آج بروز پیر، شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مشاورتی عمل کے ذریعے ہونے والے اہم فیصلوں سے پوری قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے اجلاس سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے اراکین مجلس عاملہ کی قابل عمل تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زمینی راستوں کی بندش کے اس اہم مسئلے کے حل کے لیے حکمت، تدبر اور پرامن اقدامات اختیار کیے جائیں۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ غریب عوام کو اپنے امام کی زیارت کے لیے جانے والے قریبی زمینی راستے بند کرنا، ان کے بنیادی انسانی و مذہبی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف ہے، جس سے ہم ہرگز دستبردار نہیں ہو سکتے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے۔







