اربعین واک ایمان، ایثار، اخوت اور ہمدردی کی زندہ تصویر ہے، حجت الاسلام مهدی غروی
نماز جمعہ کے خطبے میں حجت الاسلام غروی کی اربعین واک، استکبار اور میڈیا جنگ پر بصیرت افروز گفتگو

شیعیت نیوز : حجت الاسلام والمسلمین مهدی غروی نے سلفچگان میں نماز جمعہ کے خطبوں میں دشمن کی سافٹ وار سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اگر آپ دشمن کے سافٹ وار نما دھمکیوں کو سمجھنا چاہتے ہیں تو نہج البلاغہ کا مطالعہ کریں۔ اجمالاً یوں کہیے کہ جہاں بھی اس کتاب میں "معاویہ” کا نام آئے، وہاں "امریکہ” رکھ دیجئے۔
انہوں نے کہا: معاویہ، استکبار کا نمائندہ تھا اور وہ تین ائمہ معصومین علیہم السلام کے دور میں امریکہ جیسا کردار ادا کر رہا تھا۔ اس نے نہ صرف جنگِ سخت کی بلکہ محاذِ حق کے خلاف جنگِ نرم کے پیچیدہ ترین حربے بھی استعمال کیے۔
یہ بھی پڑھیں : دشمن دین اور دانش کا مخالف ہے، آیت اللہ علم الهدی
امام جمعہ سلفچگان نے مزید کہا: دشمن کے ذرائع ابلاغ مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ ہمیں ان نظریات سے دور کریں جنہیں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبر معظم انقلاب نے تبیین فرمایا ہے۔
انہوں نے اربعین واک کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا: ہر سال اربعین کے موقع پر دنیا کے گوشہ و کنار سے لاکھوں زائرین کربلا کی طرف رواں دواں ہوتے ہیں۔ یہ وہ عظیم الشان تحریک ہے جو نہ کسی سرکاری حکم سے شروع ہوئی اور نہ ہی کسی بڑے میڈیا پر انحصار رکھتی ہے بلکہ خالص ایمان اور عشق کی کوکھ سے جنم لے کر دنیا کی سب سے بڑی عوامی تحریک بن چکی ہے۔