بائی روڈ زیارات پر پابندی ناقابل قبول، ریاستی بزدلی یا بیرونی ایجنڈا؟
شیعیت نیوز : چئیرمین عزاداری کونسل پنجاب اور رہنما شیعہ علماء کونسل قاسم علی قاسمی نے کہا ہے کہ بائی روڈ ایران، عراق زیارت پر جانے پر پابندی کو مسترد کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کے احمقانہ اور بزدلانہ فیصلے نے عوام کے ذہنوں میں کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ ہم پوچھتے ہیں کہ کیا ریاست اپنے شہریوں کو سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، یا کسی بیرونی ایجنڈے کو تقویت دی جا رہی ہے؟ یا یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے وہ محافظ جن کی صلاحیت اور بہادری کے چرچے پوری دنیا میں ہیں، وہ اپنے ہی ملک کے کچھ علاقوں میں بے بس ہیں؟
یہ بھی پڑھیں : ایرانی اسپیکر نے صہیونزم کو اکیسویں صدی کا نیا نازی ازم قرار دیا
ہم ایسے کسی بھی تاثر کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بائی روڈ سفر پر پابندی لگانے کا مقصد بھارتی ایجنڈے کو تسلیم کرنا اور دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر کرکے بزدلی دکھانے کے مترادف ہے۔ عوام یہ بھی پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ کیا پی آئی اے کا کاروبار چمکانے کے لیے متوسط طبقے کے لیے زیارت کو نا ممکن بنایا جا رہا ہے؟
قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی پہلے بھی اعلان کر چکے ہیں کہ آئمہ معصومین کے مزارات پر جانے کا زمینی راستہ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ قربانیاں پہلے بھی دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اس سے گریز نہیں کریں گے۔ ہماری وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گذارش ہے کہ زائرین پر پابندی کو واپس لیا جائے۔







