زائرین پر پابندی حکومتی نااہلی، غیر آئینی اقدام ہے: مجلس وحدت مسلمین

28 جولائی, 2025 19:38

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین صوبائی، ڈویژن کابینہ اور عزاداری ونگ سندھ و کراچی کے ذمہ داروں کا مشترکہ اجلاس وحدت ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علامہ صادق جعفری، رضی حیدر، علامہ مختار امامی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ زائرین پر پابندی قابل قبول نہیں۔ یہ ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں کے عزائم کو تقویت دے گی۔ حکومت اپنی کمزوری چھپانے کے لیے ایسے اقدامات کر رہی ہے۔ زائرین کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، راستوں کو کھلا رکھا جائے۔ پاکستان سمیت ایران و عراق میں جنگی حالات نہیں جن کی وجہ سے حکومت اتنے بڑے اقدامات کرے۔ یہ ایک غیر آئینی اقدام ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اربعین بائی روڈ سفر پابندی پر مولانا ذہین نجفی کا سخت ردعمل

حکومت کو چاہیے کہ زائرین کو سکیورٹی فراہم کرے۔ دہشت گردی کے نام پر حکومت کی جانب سے صرف زیارات پر جانے والے عزاداروں پر پابندی لگانا حکومتی نااہلی ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ پورے ملک کو لاحق ہے تو پھر کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہری راستوں کو بند اور شہریوں پر گھر سے نہ نکلنے کی پابندی لگا دینی چاہیے۔ حکومت سے زمینی راستوں سے جانے والے زائرین پر لگائی جانے والی پابندی کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب میں صدر عزاداری ونگ علامہ سید علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ حکومتی ناقص داخلی و خارجی پالیسیاں دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے زائرین کو سہولیات، آسانیاں پیدا کرنے کے دعوے کیے جاتے ہیں اور دوسری جانب زیارت پر جانے والوں پر ہی پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس دوغلی پالیسی کی وجہ سے عوام کا ان حکمرانوں سے اعتماد اُٹھ چکا ہے۔

پاکستان سے ہر سال لاکھوں زائرین اربعینِ امام حسین علیہ السلام زیارت کے لیے عراق جاتے ہیں اور ان کو ریاست کی جانب سے کوئی سفری سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، سوائے ویزہ فراہم کرنے کے۔ ان کی سفری آسانیوں کے لیے مکتبِ جعفریہ کے مختلف ادارے ملک کے مختلف شہروں میں اور بارڈرز پر عارضی انتظامات کرتے ہیں جن میں زائرین کے کھانے پینے، عارضی آرام گاہوں اور طبی سہولیات شامل ہوتی ہیں۔ ایسے موقع پر جبکہ اربعین زیارت پر جانے والے عزاداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور فی زائر لاکھوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، ایسے موقع پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت زائرین کو تحفظ فراہم کرے اور زمینی سفر کرنے والوں پر سے پابندی کو فوراً ہٹایا جائے، ورنہ ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی۔

11:51 شام اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔