ایم ڈبلیو ایم کا غزہ سے اظہار یکجہتی، کراچی میں اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہرہ
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے غزہ کے مظلومین کی حمایت اور غاصب اسرائیل کے خلاف خوجہ اثنا عشری جامع مسجد کھارادر کے باہر بعد نماز جمعہ ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں نمازیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا کہ غزہ کی عوام پر انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اسرائیلی بمباری کے بعد اب انہیں بھوک و قحط سے مارا جا رہا ہے۔ عالمی برادری بالخصوص اقوامِ اسلام اور پڑوسی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ غزہ کے مظلومین کے لیے امداد کو یقینی بنانے کے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے مسلمان سالوں سے عالم اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اگر اسرائیل فلسطین پر مکمل طور پر قابض ہو گیا تو پھر وہ دوسرے اسلامی ممالک کی طرف بھی بڑھے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ عالم اسلام اور عرب ممالک امریکی کاسہ لیسی چھوڑ کر اپنے مسلمان بھائیوں کی بھرپور مدد کریں۔
یہ بھی پڑھیں : اسحق ڈار اور مارکو روبیو کی واشنگٹن میں ملاقات، پاک بھارت تعلقات ایجنڈے میں شامل
احتجاجی مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن، صوبائی رہنما ناصر الحسینی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم، تحریک بیداری امت مسلمہ کے رہنما یاور عباس اور دیگر قائدین بھی شریک تھے۔
مقررین نے امریکا کی مسلم ممالک کو ابراہیم اکارڈ معاہدے پر زبردستی حمایت کروانے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے، جبکہ احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے گئے۔







