گلگت بلتستان سیلاب میں ڈوبا، آغا علی رضوی کا وفاق سے فوری امداد کا مطالبہ
شیعیت نیوز: صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم جی بی آغا علی رضوی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، متاثرین طوفانی سیلاب کے رحم و کرم پر ہیں۔ عوام کی نگاہیں وفاق پر ہیں، جتنا بڑا چیلنج ہے وہ صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں۔ اب تک کھربوں کے نقصانات کا شکار گلگت بلتستان ہو چکا ہے۔ ان طوفانی سیلابوں میں جن قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے، ان کے لواحقین کو تسلیت پیش کرتے ہیں۔ جو مسافرین ابھی تک لاپتہ ہیں ان کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے یہ مشکل وقت ہے، یہ وقت بھی اچھے انداز میں گزر جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس: حکومت اسلامی قانون کے خلاف قانون سازی سے باز رہے
عوام حکومتی امداد کے منتظر نہ رہیں، آگے بڑھیں، ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں اور ریسکیو میں حصہ لیں۔ جس انداز میں مسافرین کی رہائش، کھانا اور ریسکیو کے لیے انتظامات مشکلات میں پھنسی ہوئی میری قوم نے ایثار و فداکاری کے ساتھ کیے، وہ قابل فخر ہے۔ بالخصوص سدپارہ کے عوام نے گھروں کے دروازے کھول دیے، مہمان نوازی کی، اسی طرح دیامر کے عوام نے مہمان مسافرین اور سیاحوں کو رہائش و کھانے کا انتظام کیا۔ یہی ہماری روایات اور ہماری پہچان ہے۔
ہم وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو آفت زدہ قرار دیا جائے، ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے، اور متاثرین سیلاب کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔







