زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر کرتی ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہمارے محسن ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم نے اپنی طویل جدوجہد اور علمی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
جس سے ملک کو دشمن کے مکروہ عزائم سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔
زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کی قدر کرتی ہیں، اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان بلاشبہ پاکستانی قوم کے محسن اور ہیرو ہیں جن کی خدمات کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مشرف کے آمرانہ دور میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی توہین اور ان کی بے قدری ہماری قومی تاریخ پر ایک بدنما داغ ہے، جس کی مذمت ضروری ہے۔
بھارت اور مودی سرکار کی جنگی جنونیت اور جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کا دفاع مضبوط اور مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔
ہم جنگ سے نفرت کرتے ہیں اور امن و اخوت کے علمبردار ہیں، مگر جب دشمن جارحیت پر آمادہ ہو تو اس کا منہ توڑ جواب دینا ایک زندہ، غیرت مند اور خوددار قوم کی نشانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم کراچی کی جانب سے محرم الحرام کی آمد پر عزاداری سیل کا قیام
مہذب دنیا کو چاہئے کہ ایٹمی ہتھیاروں اور انسانیت کو تباہ کرنے والے مہلک اسلحے کے پھیلاؤ کے بجائے دنیا میں امن، استحکام اور اخوت کے قیام کے لیے جدوجہد کرے۔
اصولی طور پر ہم ایٹمی ہتھیاروں کے حامی نہیں، مگر جب دشمن خود ایسے مہلک ہتھیار رکھتا ہو تو ملکی دفاع کے لیے اس ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر بن جاتا ہے۔
امریکہ کی جانب سے ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم کے استعمال نے لاکھوں معصوم انسانوں کو خاک و خون میں نہلا دیا، جو انسانی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔
آج بھی امریکہ اور اسرائیل، فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کر رہے ہیں، جس پر پوری انسانیت سراپا احتجاج ہے۔







