اساتذہ کو سڑکوں پر آنا حکومتی بے حسی کی انتہا ہے، کاظم میثم
شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اساتذہ کو سڑکوں پر آنا انتہائی افسوسناک اور حکومتی بے حسی کی انتہا ہے۔ ہم اساتذہ کے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اساتذہ کو تنہا کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کے جہت نما اور عہد ساز کردار ہوتے ہیں۔ ان کو صرف مطالبات ہی نہیں بلکہ خصوصی مراعات بھی دی جانی چاہیے، مگر افسوس کہ ایسے حکمران جو تعلیم و تعلم سے کبھی وابستہ نہ رہے ہوں، وہ اساتذہ کی قدر کیا جانیں گے؟
اساتذہ کو کلاسز بند کرکے احتجاج اور دھرنے تک جانے دینا حکمرانوں کی بے حسی اور شرمناک عمل ہے۔ بونوں کے معاشرے میں اساتذہ کے ساتھ یہی سلوک ہوتا ہے کہ ان کو اپنے حقوق کے لیے دھرنے دینا پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے پروموشن ہو، الاونسز ہوں یا دیگر مسائل، سب کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ شرط صرف یہ ہے کہ حکومت سنجیدہ ہو۔ کسی بھی طبقے کو متاثر کیے بغیر مسئلے کا پرامن حل ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گمبہ سکردو میں تکریمِ شہداء کانفرنس کی تیاریوں کے لیے عظیم الشان کارنر میٹنگ
اپوزیشن لیڈر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ کو فوری طور پر انگیج کیا جائے اور ان کے مطالبات کا حل نکالا جائے تاکہ تعلیم و تعلم کا عمل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر اساتذہ کے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو ہزاروں اساتذہ سڑکوں پر نکل آئیں گے اور حکومت کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔







