پاکستان ایران کے ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب

26 مئی, 2025 17:48

شیعیت نیوز : وزیراعظم شہباز شریف نے تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

ایرانی صدر کے ساتھ تعمیری اور مفید بات چیت ہوئی ہے، جس میں باہمی دلچسپی اور تعاون کے تمام پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

باہمی گفتگو میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور ایران کے گہرے ثقافتی اور تاریخی روابط ہیں اور ان روابط کو دونوں ممالک کے مفاد میں مختلف ہائے زندگی تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے چند ہفتے قبل مجھے فون کیا اور خطے کی صورتحال پر اپنی گہری تشویش اور پاکستان کے عوام کے لیے اپنے برادرانہ جذبات کا اظہار کیا اور خواہش ظاہر کی کہ یہ بحران سنگین ہونے سے پہلے ختم ہونا چاہیئے۔

اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ہماری افواج کی بہادری اور افواج کے لیے اپنے عوام کی بے مثل حمایت کی بدولت اس بحران سے فاتحانہ طور پر باہر نکل آیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی رہبر انقلاب اسلامی سے تہران میں خصوصی ملاقات

ہم خطے میں امن چاہتے تھے، امن چاہتے ہیں اور امن کے لیے مذاکرات کے ذریعے کوششیں جاری رکھیں گے۔

ہم مسئلہ کشمیر اور پانی کے مسئلے سمیت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں اور تجارت اور انسداد دہشت گردی پر بھی اپنے ہمسائے سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

لیکن اگر بھارت جارحانہ رویہ برقرار رکھنا چاہتا ہے تو پھر ہم اپنے مادر وطن کا دفاع کریں گے، جیسا کہ ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے کچھ روز قبل کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر بھارت ہماری امن کی پیش کش قبول کرتا ہے تو پھر ہم دکھائیں گے کہ ہم خلوص نیت کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔

ہم غزہ میں جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، جہاں 50 ہزار سے زائد مسلمان شہید کیے جاچکے ہیں، یہ وقت ہے کہ عالمی برادری غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔

پاکستان کے عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور پاکستان عوامی اور پرامن مقاصد کے لیے ایران کے ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔

5:40 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔